IMG 20251009 170521 925

خضدار زیرینہ کھٹان نامعلوم مسلح شخص نے گھر میں گھس کر 22 سالہ حاملہ خاتون کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق واقعہ گزشتہ روز شام 6 بجے پیش آیا جب ایک مسلح شخص دانش زہری کے گھر میں داخل ہوا اور ان کی اہلیہ مسمات نمرہ ولد سعید احمد زہری پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ حملہ آور نے خاتون کو 6 گولیاں ماریں جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں۔ مقتولہ حاملہ تھیں، جس کے باعث ورثاء کے مطابق ایک نہیں بلکہ دو جانوں کا نقصان ہوا ہے۔

واقعے کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ مقتولہ کے ورثاء نے بتایا کہ ان کی کسی کے ساتھ نہ کوئی ذاتی دشمنی تھی اور نہ ہی کسی قسم کا کوئی تنازعہ چل رہا تھا، اس کے باوجود یہ بہیمانہ واردات پیش آئی۔

ورثاء کا کہنا ہے کہ واقعے کو گزرے 24 گھنٹے سے زائد ہو چکے ہیں مگر تاحال خضدار پولیس کی جانب سے نہ تو کسی قسم کا رابطہ کیا گیا ہے اور نہ ہی متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او نے واقعے کے حوالے سے کوئی پیش رفت کی ہے۔

مقتولہ کے والدین اور دیگر ورثاء نے ڈی آئی جی پولیس اور کمشنر خضدار سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شفاف تحقیقات کی جائیں اور ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔