
خضدار زیدی فائرنگ واقعے کی مقتولہ دم توڑ گئی، لواحقین کا گھوڑا چوک پر احتجاج، شاہراہ بند
خضدار میں چند روز قبل زیدی کے علاقے میں ہونے والی فائرنگ میں شدید زخمی ہونے والی خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج دم توڑ گئی جب کہ ان کے شوہر فائرنگ کے روز ہی موقع پر ہلاک ہو گئے تھے۔
واقعے کے خلاف لواحقین نے گھوڑا چوک پر احتجاج کرتے ہوئے شال، کراچی مرکزی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی۔لواحقین نے الزام عائد کیا کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان بااثر ہیں اور مبینہ حکومتی پشت پناہی کے باعث تاحال گرفتار نہیں ہو سکے ہیں۔ ان کا مطالبہ تھا کہ نامزد ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے ورثاء کو انصاف فراہم کیا جائے۔
شاہراہ کی بندش کے باعث ٹریفک مکمل طور پر معطل رہی، جبکہ گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنے سے دور دراز علاقوں سے آنے والے مسافر شدید پریشانی کا شکار ہو گئے۔ بعد ازاں ملزمان کی تین دن میں گرفتاری کی یقین دہانی پر ٹریفک کھول دیا گیا ۔




































































































































































































































































































































































































