
وڈھ گھر پر دھماکا ایک جانبحق، خواتین و بچوں سمیت 6 افراد زخمی، پنجگور مغوی سی ٹی ڈی اہلکار کی لاش برآمد
خضدار کے علاقے وڈھ میں گذشتہ شب ایک گھر پر دھماکے کے نتیجے میں بچہ جانبحق ہوگیا جبکہ مزید چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ایک گھر میں مبینہ دستی بم دھماکے کے نتیجے میں ایک بچہ جانبحق اور خواتین و بچوں سمیت چھ افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔دھماکے میں مارے جانے والے شیر علی ولد امام دین بلوچ کی عمر آٹھ سال بتائی جارہی ہے۔ایس ایچ او وڈھ، عبدالوہاب کا کہنا ہے کہ دھماکہ کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق اور زخمیوں کو وڈھ ہسپتال منتقل کردیا گیا اور واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔
پنجگور کے علاقے چکول سے کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ سی ٹی ڈی کے مغوی اہلکار کی لاش برآمد ہونے کے بعد لواحقین نے احتجاجاً لاش کے ہمراہ ڈی پی او آفس کے سامنے مرکزی شاہراہ پر دھرنا دے دیا۔
لواحقین کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز سی ٹی ڈی اہلکار خلیل احمد ولد احمد کو نامعلوم افراد نے تسپ کے علاقے سے اغواء کرلیا تھا، آج مغوی کی لاش چکول کے علاقے سے برآمد ہوئی ہے۔علاقائی ذرائع کے مطابق اہلکار کو پاکستانی خفیہ اداروں نے جبری گمشدگی کے بعد قتل کیا ہے۔لواحقین نے لاش کے ہمراہ ڈی پی او آفس کے سامنے مین روڈ پر احتجاجی دھرنا دیا۔
بعد ازاں پولیس افسران اور انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔




































































































































































































































































































































































































