
ایمان مزاری اور ہادی علی کے خلاف غیر قانونی مقدمات ریاستی جبر کی عکاس ہے۔بی وائی سی
بلوچ یکجہتی کمیٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایڈووکیٹ ایمان زینب مزاری ، جو ایک معروف انسانی حقوق کی وکیل ہیں، اور ان کے شوہر ہادی علی کے خلاف غیر قانونی مقدمات کی سخت مذمت کرتی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایمان مزاری ہمیشہ جبری گمشدہ افراد کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی رہیں، اسلام آباد میں بلوچ طلبہ کے خلاف نسلی تعصب کے خلاف آواز اٹھاتی رہیں، اور قومی و بین الاقوامی سطح پر محروم طبقات کی آواز بنی رہیں۔
ان کی قانونی جدوجہد آئینی حقوق، شہری آزادیوں اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں پر مبنی رہی ہے۔ ایک وکیل کو اس کی پیشہ ورانہ اور اخلاقی ذمہ داریاں ادا کرنے پر نشانہ بنانا انسانی حقوق کی وکالت پر سنگین حملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے قانون (PECA) کے تحت کارروائی اس بات کی واضح مثال ہے کہ ریاست کس طرح قوانین کو انسانی حقوق کے محافظوں کو خاموش کرانے کے لیے ہتھیار بنا رہی ہے، جن میں ایمان مزاری اور ہادی علی بھی شامل ہیں۔
ان مقدمات کا وقت اور نوعیت کسی اتفاق کا نتیجہ نہیں بلکہ انسانی حقوق کے کارکنوں کے خلاف ایک سوچا سمجھا اقدام ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اگر ایک ایسی وکیل، جو قومی سطح پر پہچانی جاتی ہیں، صرف سچ بولنے پر اس طرح کی انتقامی کارروائی کا شکار ہو سکتی ہیں، تو عام بلوچ شہریوں، طلبہ، مزدوروں، خواتین اور جبری گمشدہ افراد کے خاندانوں کو روزانہ درپیش ریاستی جبر کا اندازہ لگانا بھی مشکل ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی واضح کرتی ہے کہ یہ احتساب نہیں بلکہ اختلافِ رائے کو جرم قرار دینے اور سیاسی اظہار کو دبانے کے لیے قانونی ڈھانچوں کے غلط استعمال کا سلسلہ ہے۔ BYC جبری گمشدگیوں، اجتماعی سزا اور منظم امتیاز کے خلاف جدوجہد کرنے والوں کے
ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور اس بات پر زور دیتی ہے کہ پائیدار امن اور اتحاد صرف انصاف، مکالمے اور بنیادی انسانی حقوق کے احترام سے ہی ممکن ہے۔







































































































































































































































































































































































































