کوئٹہ ہزارگنجی جتک مارکیٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، ایک شخص ہلاک-

کوئٹہ: تھانہ شال کوٹ کی حدود میں واقع جتک مارکیٹ، ہزارگنجی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والے کی شناخت محمد نبی ولد ولی محمد، قوم رئیسانی، سکنہ کلی رئیسانی ہزارگنجی کوئٹہ کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق محمد نبی کو جتک مارکیٹ کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کیا تھا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال متوفی کے ورثا اسپتال نہیں پہنچے، جس کے باعث واقعے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔