
کوئٹہ کلی قاسم کے مقام پر خوفناک ٹریفک حادثہ، دو جاں بحق، تین زخمی۔
کوئٹہ: کچلاک اور بوستان کے درمیان کلی قاسم کے مقام پر ایک تیز رفتار مزدا گاڑی نے دو موٹر سائیکلوں اور ایک رکشے کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق مزدا گاڑی انتہائی تیز رفتاری سے آ رہی تھی اور ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سڑک کنارے چلنے والی موٹر سائیکلوں اور رکشے سے جا ٹکرائی حادثے کے باعث موٹر سائیکلیں اور رکشہ بری طرح تباہ ہو گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں امدادی کارکنوں نے لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت ابتدائی طور پر مقامی رہائشیوں کے طور پر کی گئی ہے حادثے کے بعد شاہراہ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں پولیس نے موقع پر پہنچ کر سڑک کو کھلوایا اور ٹریفک بحال کر دی۔






































































































































































































































































































































































