
پاکستانی فوج کی جارحیت جاری، مستونگ کے آماچ پہاڑوں پر مبینہ ڈرون حملہ — یکے بعد دیگرے چھ دھماکوں سے شہر لرز اُٹھا
مستونگ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گذشتہ شب پاکستانی فوج کی جانب سے آماچ کے پہاڑی سلسلے میں مبینہ طور پر ڈرون حملہ کیا گیا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے دوران یکے بعد دیگرے چھ زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، جن سے پورا شہر لرز اُٹھا۔
دھماکوں کی گونج دور دراز علاقوں تک سنائی دی، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی افراد کے مطابق دھماکے اتنے شدید تھے کہ کئی گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے ہل کر رہ گئے۔
تاحال جانی یا مالی نقصانات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے، تاہم علاقے میں فوجی نقل و حرکت اور پروازوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ مستونگ کے علاقے میں گزشتہ چند دنوں کے دوران تیسرا مبینہ فضائی حملہ ہے، جس نے مقامی آبادی میں تشویش کی نئی لہر دوڑا دی ہے۔
علاقہ مکینوں نے انسانی حقوق کے اداروں اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بلوچستان میں جاری فضائی حملوں اور عسکری کارروائیوں کا نوٹس لیں اور شہری آبادی کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کریں۔




































































































































































































































































































































































































