
مکران میڈیکل کالج تربت طلبہ کا احتجاج چوتھے روز میں داخل۔
تربت: مکران میڈیکل کالج تربت کے طلبہ کا احتجاج چوتھے روز بھی پُرامن انداز میں جاری رہا۔
احتجاج کے دوران طلبہ نے پُرامن واک کی اور کالج گیٹ کے سامنے دھرنا دیا۔طلبہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے جائز مطالبات کے حق میں آواز بلند کر رہے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ کالج انتظامیہ ان کے مسائل کو دبانے کے بجائے سنجیدگی اور پُرامن طریقے سے حل کرے گی۔
طلبہ نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں اکثر طلبہ کو ان کے بنیادی حقوق نہیں ملتے، چاہے وہ میڈیکل کالج ہوں یا جامعات۔ ان کے مطابق ہر سال طلبہ کو اسی نوعیت کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔طلبہ کا کہنا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ طلبہ برادری بیدار ہو اور ایک ایسی غیر سیاسی، غیر جانبدار اور سفارش سے پاک طلبہ کونسل تشکیل دی جائے جو صرف اور صرف طلبہ کے حقوق کی نمائندگی کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مقصد اتحاد اور اتفاق کے بغیر حاصل نہیں کیا جا سکتا۔




































































































































































































































































































































































































