IMG 20251023 125932 900

مستونگ سے اغوا ہونے والے پولیس افسر کی لاش برآمد

مستونگ: چند روز قبل اغوا ہونے والے ڈی ایس پی محمد یوسف ریکی کی لاش برآمد ہوگئی ہے۔

پولیس کے مطابق مقتول افسر کی لاش مستونگ کے نواحی علاقے کردگاپ میں گرگینہ کلی شربت خان سے ملی، جس پر گولیوں کے نشانات پائے گئے ہیں۔ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ڈی ایس پی محمد یوسف ریکی نوشکی میں بطور ایس ڈی پی او تعینات تھے اور پانچ روز قبل نوشکی سے سوراب جاتے ہوئے مستونگ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے انہیں گاڑی سمیت اغوا کرلیا تھا۔

اغوا سے چند لمحے قبل انہوں نے اپنی اہلیہ کو فون کر کے اطلاع دی تھی کہ مسلح افراد نے انہیں روک لیا ہے، جس کے بعد رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ ان کی گاڑی تاحال برآمد نہیں ہوئی۔تاہم اغوا اور قتل کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں۔