
سرباز ڈیجیٹل ٹیلی ویژن ٹاور تباہ پنجگور مسلح افراد کی ناکہ بندی، تمپ اور تربت پاکستانی فورسز پر حملے
سرباز گوردر کے علاقے میں گزشتہ رات قابض اسلامی جمہوریہ ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے سے وابستہ ایک ڈیجیٹل ٹیلی ویژن ٹاور کو مسلح افراد نے نذر آتش کرکے ناکارہ بنا دیا ۔
پنجگور میں گزشتہ رات مسلح افراد کی بڑی تعداد نے شاہراہ پر ناکہ بندی کی، جبکہ تربت میں پاکستانی فوجی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا اور تمپ میں مسلح افراد نے پولیس پر فائرنگ کی۔ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے سوراپ میں گزشتہ شب بلوچ آزادی پسندوں نے سی پیک روڈ پر تقریباً دو گھنٹے تک ناکہ بندی کر کے گاڑیوں کی سنیپ چیکنگ کی۔ اس دوران مسلح افراد نے ایک کمپنی کی دو گاڑیوں پر فائرنگ کی، جس سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب تربت میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے کیمپ کو نشانہ بنایا، جہاں شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ مسلح افراد نے تُربت کے نواحی علاقے میری بگ میں قائم پاکستانی فورسز کے کیمپ پر حملہ کیا۔ذرائع کے مطابق موقع پر شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ چیک پوسٹ میں آگ بھڑک اُٹھی۔ واقعے میں پاکستانی فورسز کو جانی و مالی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
ادھر تمپ میں مسلح افراد نے ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی، تاہم اس سے کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔




































































































































































































































































































































































































