
زہری پاکستانی فوجی جارحیت جاری شیخ عبدالصمد کی بہن صفیہ بی بی سمیت دو افراد جبری لاپتہ، متعدد مکانات تباہ
زہری: پاکستانی فورسز کی فوجی جارحیت مزید شدت اختیار کر گئی ہیں، جہاں مقامی ذرائع کے مطابق گذشتہ روز نورگامہ گاؤں میں متعدد گھروں کو دھماکوں کے ذریعے تباہ کردیا گیا۔فوجی جارحیت کے دوران شیخ عبدالصمد کے تمام گھروں کو ڈائنامائٹ سے اڑا دیا گیا جبکہ ان کی کم عمر بہن صفیہ بی بی کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ تاحال ان کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔دوسری جانب اسی گاؤں میں مختلف دکانوں کو بھی آگ لگا دی گئی۔ مقامی افراد کے مطابق سیٹھ اسد زہری اور زائد ولد عبدالعزیز نامی شخص کو بھی جبری طور پر لاپتہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق حالیہ چند دنوں میں زہری کے مختلف علاقوں میں فورسز کی فوجی جارحیت کے دوران متعدد بےگناہ افراد کو قتل کیا گیا، کھڑی فصلوں کو نذرِ آتش کیا گیا اور آبادیوں پر شیلنگ کی گئی۔ مواصلاتی نظام کی بندش کے باعث درست معلومات تک رسائی انتہائی مشکل ہوگئی ہے۔علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے اور مقامی آبادی گھروں تک محدود ہوکر رہ گئی ہے، جبکہ زہری میں ریاستی جبر کے خاتمے کے حوالے سے اہل علاقہ نے اعلیٰ حکام اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔









































































































































































































































































































































































































