
تربت دو کمسن طالب علم پاکستانی فورسز کے ہاتھوں حراست کے بعد لاپتہ
تربت: دو کمسن طالب علم پاکستانی فورسز کے ہاتھوں حراست کے بعد جبری لاپتہ ہیں، جس کے بعد اہلِ خانہ اور علاقہ مکینوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق 15 دسمبر کو تربت کے علاقے کولوائی بازار آبسر سے دو طالب علموں کو ایک ساتھ حراست میں لیا گیا، جن کے بعد سے ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ لاپتہ ہونے والوں میں جماعت ہشتم کا طالب علم نیک بخت حسین ولد غلام حسین شامل ہے، جو 15 دسمبر کو گھر سے بازار میں واقع ایک کمپیوٹر سینٹر جا رہا تھا کہ پاکستانی فورسز نے اسے حراست میں لے لیا۔
دوسرا لاپتہ طالب علم 14 سالہ صابر مجید ولد عبدالمجید ہے، جس کا تعلق علاقے سامی سے بتایا جاتا ہے اور وہ بھی کولوائی بازار کا رہائشی ہے۔
لاپتہ طالب علموں کے اہلِ خانہ نے بچوں کی سلامتی کے حوالے سے شدید خدشات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فوری طور پر بازیاب کرایا جائے۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ کمسن بچوں کو اس طرح حراست میں لے کر لاپتہ کرنا نہایت تشویشناک عمل ہے۔




































































































































































































































































































































































































