IMG 20251115 085655 272

بلیدہ سے دو بھائی اور تربت سے جیل وارڈن جبری طور پر لاپتہ

تفصیلات کے مطابق 13 نومبر کی شب پاکستانی فورسز نے ضلع کیچ کے تحصیل بلیدہ میناز میں ایک رہائشی گھر پر چھاپہ مار کر دو بھائیوں کو حراست میں لینے کے بعد مبینہ طور پر جبری طور پر لاپتہ کردیا۔ لاپتہ افراد کی شناخت ظہیر ولد رحیم جان اور وسیم ولد رحیم جان کے ناموں سے ہوئی ہے۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں بھائی اپنی خاندانی زمین پر کام کرتے تھے اور ان کا کسی جماعت یا تنظیم سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

اہل خانہ نے فورسز سے دونوں بھائیوں کی بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں فوری طور پر منظر عام پر لایا جائے۔

اسی دوران تربت سے سینٹرل جیل وارڈن چنگیز امام ولد محمد امام کے بھی گزشتہ تین روز سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔

اہل خانہ کے مطابق چنگیز امام 11 نومبر کی دوپہر تقریباً 1 بجے اپنے گھر بَگ تربت سے موٹر سائیکل پر ڈیوٹی کے لیے سینٹرل جیل روانہ ہوئے تھے، تاہم وہ جیل نہیں پہنچ سکے اور ان سے رابطہ تربت بازار کے بعد سے منقطع ہوگیا۔گمشدہ وارڈن کا موٹر سائیکل بھی اب تک برآمد نہیں ہو سکا۔

اہل خانہ کے مطابق وہ کسی قسم کے تنازع یا دشمنی میں ملوث نہیں تھے اور معمول کے مطابق ڈیوٹی پر جارہے تھے۔اہل خانہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس چنگیز امام کے حوالے سے کوئی معلومات ہوں تو قریبی پولیس تھانے یا متعلقہ حکام سے فوری رابطہ کریں تاکہ ان کی تلاش اور بازیابی ممکن ہوسکے۔