
اسپین میں تین دن کے دوران دوسرا ٹرین حادثہ، ڈرائیور ہلاک، درجنوں زخمی
اسپین میں تین دن کے اندر دوسرا ٹرین حادثہ پیش آ گیا۔ منگل کی رات بارسلونا کے قریب ایک مسافر ٹرین حادثے کا شکار ہو گئی، جس میں ٹرین ڈرائیور ہلاک جبکہ درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔
حادثہ بارسلونا سے تقریباً 35 کلومیٹر دور گیلیڈا قصبے کے قریب پیش آیا، جہاں ٹرین پٹریوں پر گرنے والی ایک حفاظتی دیوار سے ٹکرا گئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق حادثے میں ٹرین ڈرائیور موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔کاتالونیا کی ایمرجنسی سروسز کے مطابق حادثے میں 37 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے پانچ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں کو منتقل کرنے کے لیے تقریباً 20 ایمبولینسیں جائے حادثہ پر روانہ کی گئیں، جبکہ متاثرین کو علاقے کے تین مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
کاتالونیا فائر سروس نے بتایا کہ ٹرین کے اندر کوئی شخص موجود نہیں، تاہم ممکنہ متاثرین کی موجودگی کو مسترد کرنے کے لیے ٹرین کے نیچے اور اطراف کے علاقے کی تلاشی جاری ہے۔اسپین کے ریلوے آپریٹر اے ڈی آئی ایف کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ حالیہ شدید بارشوں کے باعث حفاظتی دیوار گری، جس کے نتیجے میں حادثہ پیش آیا۔
واقعے کے بعد اس ریلوے لائن پر ٹرین سروس معطل کر دی گئی ہے۔کاتالونیا میں ایک اور ٹرین حادثہاسپین کے معروف اخبار ایل پائیس کے مطابق منگل کی شام کاتالونیا میں بلینیس اور ماکانیت اسٹیشنوں کے درمیان چلنے والی ایک اور ٹرین پٹری سے اتر گئی۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ رپورٹ کے مطابق طوفان کے باعث پٹری پر چٹانیں گرنے سے یہ حادثہ پیش آیا، جس کے بعد اس لائن پر بھی ٹرین سروس معطل کر دی گئی۔
اندلس میں ہولناک ٹرین حادثہ، ہلاکتوں کی تعداد 42 ہو گئیادھر جنوبی اسپین کے علاقے اندلس میں قصبہ آداموز کے قریب اتوار کو دو تیز رفتار ٹرینوں کے درمیان ہونے والے ہولناک حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 42 ہو گئی ہے۔ اندلس کی علاقائی انتظامیہ کے مطابق تلاشی کارروائی کے دوران مزید تین لاشیں برآمد ہوئیں۔
قرطبہ کے صوبائی حکام نے بتایا کہ اب تک 10 ہلاک شدگان کی شناخت ہو چکی ہے، تاہم ان کی قومیت یا دیگر تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
اسپین کے وزیر داخلہ فرنانڈو گرانڈے-مارلاسکا کے مطابق 43 افراد تاحال لاپتہ ہیں، جبکہ پولیس تربیت یافتہ سرچ کتوں کی مدد سے متاثرین کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔ اندلس کے علاقائی صدر خوانما مورینو نے بتایا کہ حادثے میں ایک ٹرین کے ابتدائی دو ڈبے پٹری سے اتر کر تقریباً 13 فٹ نیچے جا گرے، اور بعض لاشیں جائے حادثہ سے سینکڑوں میٹر دور ملی ہیں۔

































































































































































































