
پاکستانی جارحیت کا جواب، متعدد چیک پوسٹوں پر حملوں میں درجنوں پاکستانی اہلکار ہلاک کیے گئے- طالبان ترجمان
افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ بدقسمتی سے آج صبح ایک بار پھر پاکستانی فورسز نے قندھار کے اسپین بولدک ضلع میں افغانستان پر ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے حملے شروع کیے، جس کے نتیجے میں 12 سے زائد عام شہری شہید اور 100 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔
افغان حکومتی ترجمان نے کہا کہ پاکستانی جارحیت کے بعد افغان فورسز کو جوابی کارروائی پر مجبور ہونا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ جوابی کارروائی میں متعدد پاکستانی اہلکار ہلاک ہوئے، ان کی چوکیاں اور مراکز افغان فورسز نے قبضے میں لے لیے، جبکہ اسلحہ اور ٹینک بھی افغان فورسز کے ہاتھ لگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی فوج کی بیشتر تنصیبات تباہ کر دی گئیں۔
ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ مجاہدین بلند حوصلے کے ساتھ اپنے وطن، سرزمین اور عوام کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ادھر افغان حکام نے سوشل میڈیا پر پاکستانی فورسز کے چیک پوسٹوں کو تباہ کرنے اور ٹینک قبضے میں لئے جانے کے ویڈیوز بھی شائع کردئے ہیں، تاہم پاکستانی حکام کی جانب سے اس صورتحال پر کوئی مؤقف سامنے نہیں آسکا ہے۔






















































































































































































