IMG 20251117 104737 477

مدینہ کے قریب ہولناک ٹریفک حادثہ — 42 بھارتی عمرہ زائرین جاں بحق

سعودی عرب کے شہر مدینہ کے قریب ایک المناک ٹریفک حادثے میں 42 بھارتی عمرہ زائرین جاں بحق ہوگئے۔

مقامی میڈیا کے مطابق مکہ سے مدینہ جانے والی بس مفریحات کے نزدیک رات تقریباً 1 بج کر 30 منٹ پر ایک ڈیزل ٹینکر سے ٹکرا گئی، تصادم کے فوراً بعد بس میں آگ بھڑک اُٹھی۔ حادثے کے وقت زیادہ تر مسافر سو رہے تھے، جس کے باعث بچنے کے امکانات نہایت کم تھے۔اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں اکثر کا تعلق بھارت کے شہر حیدرآباد سے ہے۔

بھارتی ریاست تلنگانہ کی حکومت نے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ریاض میں بھارتی سفارت خانے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے نئی دہلی کے حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ سفارت خانے کے ساتھ قریبی رابطہ رکھ کر صورتحال کو فوری طور پر دیکھیں۔

حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بھارتی سفارت خانے کے نائب چیف ابو ماتھن جارج سے رابطہ کیا ہے، جنہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سفارت خانہ ضروری معلومات اکٹھی کر رہا ہے۔

اویسی نے حیدرآباد کی دو ٹریول ایجنسیوں سے بھی رابطہ کیا اور تمام مسافروں کی تفصیلات سفارت خانے اور بھارتی خارجہ سیکرٹری کو فراہم کر دی ہیں۔انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ جاں بحق افراد کی میتوں کو بھارت منتقل کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور اگر کوئی زخمی ہے تو اسے بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے بھی فوری مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو مدد اور انصاف مل سکے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے مناظر نہایت دل خراش تھے اور بس مکمل طور پر جل چکی تھی، جس کے باعث ہلاک شدگان کی شناخت میں شدید مشکلات ہیں۔ ایک مسافر کے زندہ بچ جانے کی اطلاع ملی ہے، تاہم اس کی حالت کے بارے میں فی الحال کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی۔