روس یوکرین پر بڑے پیمانے پر میزائل و ڈرون حملے، کم از کم 6 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

روس نے یوکرین کے توانائی انفراسٹرکچر اور رہائشی علاقوں پر بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، جس کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

ڈنیپرو شہر میں ایک اپارٹمنٹ عمارت پر حملے میں دو افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے، جبکہ زپوریزہیا میں تین افراد جان سے گئے۔

مجموعی طور پر روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف سمیت 25 مقامات کو نشانہ بنایا۔حملوں کے بعد کئی علاقوں میں بجلی اور حرارتی نظام متاثر ہوا۔

یوکرینی فضائیہ کے مطابق روس نے 450 سے زائد دھماکہ خیز ڈرون اور 45 میزائل داغے، جن میں سے 9 میزائل اور 406 ڈرون مار گرائے گئے۔

یوکرین کی وزیرِ اعظم یولیا سویریڈینکو نے بتایا کہ پولٹاوا، خرکیف اور کیف کے علاقوں میں توانائی کی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے، اور مرمتی کام جاری ہیں۔

ادھر روسی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی افواج نے گزشتہ رات 79 یوکرینی ڈرون تباہ کیے۔