انڈین آرمی اور ایئر فورس کا مقامی طور پر تیار کردہ لیزر سسٹمز کی خریداری کا فیصلہ—

دہلی: بھارتی مسلح افواج نے دشمن ڈرونز کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر اپنی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لیے اہم قدم اٹھا لیا ہے۔ بھارتی فوج اور بھارتی فضائیہ نے 16 مقامی طور پر تیار کردہ لیزر بیسڈ ڈرون ڈیٹیکشن اور انٹرڈکشن سسٹمز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ جدید نظام دو کلومیٹر کے فاصلے پر موجود بغیر پائلٹ طیاروں (UAS) کو نشانہ بنا کر لیزر کے ذریعے ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

دفاعی ماہرین کے مطابق یہ ٹیکنالوجی مستقبل کی جنگی ضروریات کے مطابق بھارت کی تیاریوں میں ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق، یہ سسٹمز نہ صرف دشمن ڈرونز کی بروقت نشاندہی کر سکیں گے بلکہ ضرورت پڑنے پر انہیں فوری طور پر تباہ کرنے کی اہلیت بھی رکھتے ہیں۔

بھارتی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ مقامی سطح پر تیار کردہ یہ نظام ’آتم نربھرتا‘ خود انحصاری پالیسی کے تحت دفاعی شعبے میں ایک نمایاں اضافہ ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقوں اور حساس تنصیبات کی سکیورٹی کے لیے یہ نئی ٹیکنالوجی بھارت کی مجموعی دفاعی تیاریوں کو مزید مؤثر بنائے گی۔